نئی دہلی،25 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مرکزی وزیر نتن گڈکری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بالاکوٹ میں دہشت گردوں کے خلاف ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی کو عام انتخابات سے نہیں جوڑا جانا چاہئے اور نہ ہی کسی کو اس کا سیاسی فائدہ یا سہرہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہ تو کسی عہدے کے دعویدار ہیں اور نہ ہی وزیر اعظم کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی بڑے مینڈیٹ کے ساتھ وزیر اعظم کے طور پر واپسی ہوگی اور اس بار انہیں 2014 لوک سبھا انتخابات کے مقابلے بہت بڑا مینڈیٹ ملے گا۔گڈکری نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ہوائی کارروائی کو انتخابات سے نہیں جوڑنا نہیں چاہئے۔اسے انتخابی مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہئے اور نہ ہی کسی کو اس کا سہرہ لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتوں کو اس پر کوئی شک ہے تو یہ ان کی پریشانی ہے۔لیکن میں ان سے درخواست کروں گا کہ انہیں اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ہمارے لئے بہت اہم ہے۔اس مسئلے میں سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔ ہندوستان میں اگر کسی کو بھی ہمارے جوانوں کی شہادت پر شک ہے، اگر کوئی پاکستان کی زبان میں بولتا ہے تو یہ تمام ممالک کے مفادات کے خلاف جاتا ہے۔یہ قومی سلامتی کے مسائل ہیں اور سب کو ایک آواز میں بولنا چاہئے۔اس طرح کے مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔